محسن نقوی

ویکی کتب سے

'ردائے خواب' محسن نقوی

قطعاتِ محسن

انتساب
فائل:محسن نقوی
ردائے خواب

ناراض دوستوں کے نام…..

مجھے کسی سے محبت نہیں کسی کے سوا
میں ہر کسی سے محبت کروں کسی کے لیے

ردائے خواب ” نگارِ وقت اب اسے لہو سے کیا چمن کریں ” ؟
یہ دشتِ جاں کہ ہانپتا رہا سراب اوڑھ کر
لَبُو کے حرفِ نرم کی تپش سے مَت جگا اِسے
یہ دِل تو کب کا سو چُکا ” ردائے خواب” اوڑھ کر

محسن نقوی

لاہور ٢١ ستمبر 1985

ردائے خواب ایک مسافر کی ” خُود کلامی ” ہے ، جو دِن بھر خواب بُنتا ہے ، خواہشوں کے ریزے چُنتا اور پلکوں پر سجا کر اپنی ذات کے صحرا میں خیالوں کا خیمہ نصب کر کے سو جاتا ہے ۔

محسن نقوی ٢٨ مارچ ١٩٨٥ لاہور

میں اور وہ![ترمیم]

اُس نے جِس راہ کو لہو بخشا

میں بھی اُس راہ کا مُسافر تھا

وہ سرِ دار میں سرِ مقتل

وہ پیمبر تھا اور میں شاعر تھا

جیسے ![ترمیم]

اب کے تُو اس طرح سے یاد آیا

جِس طرح دشت میں گھنے سائے

جیسے دھُندلے سے آئینے کے نقوش

جیسے صدیوں کی بات یاد آئے


بعض اوقات![ترمیم]

موسمِ غم ہے مہرباں اب کے

ہم پہ تنہائیوں کا سایا ہے

بعض اوقات رات یُوں گُزری،

تُو بھی کم کم ہی یاد آیا ہے

عظمت آدم![ترمیم]

عِشق، منزل کے رُخ کا غازہ ہے

عقل، رستے کو صاف کرتی ہے

زندگی پر جو لوگ چھا جائیں

مَوت اُن کا طواف کرتی ہے

احساس[ترمیم]

کیا بتاؤں کہ رُوٹھ کر تُجھ سے

آج تک تجربوں میں کھو یا ہُوں

تُو مجھے بھُول کر بھی خُوش ہوگا

میں تُجھے یاد کر کے رویا ہُوں

قُربت[ترمیم]

مَیں سجاتا ہوں پیاس ہونٹوں پر

تُم گھٹا بن کے دِل پہ چھا جاؤ !

اے رگِ جاں میں گونجنے والو!!

اور بھی کُچھ قریب آ جاؤ

غیرتِ جاں ![ترمیم]

ہم نے سچ بولنے کی جرات کی

تیرے بارے میں اور کیا کہتے

غیرتِ جاں کی بات تھی ورنہ

ہم ترے سامنے بھی چُپ رہتے

یادش بخیر![ترمیم]

جو کبھی زندگی کا محور تھے!

کاش اب بھی وہ دوست کہلاتے

جو بھُلائے نہ جا رہے تھے کبھی!

اب وہی یاد بھی نہیں آتے

عذاب[ترمیم]

جب ہوا چار سُو بِکھر جائے

آدمی امن کو ترستا ہے

جب زمیں تیرگی سے اَٹ جائے

آسماں سے لہو برستا ہے

ہم وہ تاجر ہیں[ترمیم]

جی میں آئی تو بیچ کر شیشے!

شُعلۂ جامِ جم خریدیں گے

ہم وہ تاجر ہیں جو سرِ محفل

قہقہے دے کے غم خریدیں گے

اختلاف[ترمیم]

تُو وہ کج بیں کہ تُجھ کو منزل پر

رہگزاروں کے بَل دکھائی دیں

میں وہ خوش فہم ہوں کہ مُجھ کو سدا

آبلے بھی کنول دکھائی دیں

ہم[ترمیم]

صِرف ہرجائی پَن کی بات نہیں

اب ہمیں لوگ کیا نہیں کہتے!

اس قدر ظلم سہہ کے بھی اے دوست

ہم تجھے بے وفا نہیں کہتے

جس[ترمیم]

غم کو زُلفوں کا بَل نہیں کہتا

زخمِ جاں کو کنول نہیں کہتا

وہ جو اِک پَل کو رُوٹھ جاتا ہے

مدّتوں میں غزل نہیں کہتا

تنبیہ[ترمیم]

سُن لو جہان بھر کی جگر دار گردشو!

کہہ دو ہوائے دہر کی رفتار ٹوک کر

میں سو رہا ہوں زیرِ زمیں اس کی تاک میں

گُزرے اِدھر سے میرا عدو سانس روک ک

کتھار سِس[ترمیم]

چند لمحے جو غم کو ٹل آئے

کِتنے خوش بخت و خُوش خیال آئے

لوگ یُوں مطمئن سے ہیں جیسے

آسماں پر کمند ڈال آئے

سُہاگن[ترمیم]

خواہشوں کی جوان دیوی ہے

وحشیوں کے نگر کی ناگن ہے

بانجھ دھرتی کی ہچکیوں پہ نہ جا

زندگی تُو سَدا سُہاگن ہے

ضُرورت

فِکر کی ہر کَسک شعُوری ہے

عقل کی ہَر ادا ادھُوری ہے

دِل کی دُنیا سنوارنے کے لئے

عِشق کرنا بہت ضروری ہے

تضاد[ترمیم]

سیرتیں بے قیاس ہوتی ہیں

صُورتیں ، غم شناس ہوتی ہیں

جِن کے ہونٹوں پہ مُسکراہٹ ہو

اُن کی آنکھیں اُداس ہوتی ہیں

باز گشت[ترمیم]

سُکوتِ شامِ غریباں میں سُن سکو تو سُنو!

کہ مَقتلوں سے ابھی تک صَدائیں آتی ہیں

لہُو سے جِن کو منوّر کرے دماغِ بَشر،

ہوائیں ایسے چَراغوں سے خَوف کھاتی ہیں

جو مِری یادوں سے زِندہ تھا کبھی

مَدّتوں سے اُس کا خَط آیا نہیں

میں مگر کہتا ہُوں اپنے آپ سے

وہ بہت مصروف ہوگا ۔ یا کہیں …. ؟

سلامی[ترمیم]

سِتارے چُومتے ہیں گردِ پَا کو

خراجِ خُود کلامی لے رہی ہے

وہ رَستے میں کھڑی ہے یُوں کہ جیسے

دو عالَم کی سَلامی لے رہی ہے

تلاشِ امن[ترمیم]

غَم کے غُبار میں ہیں سِتارے اَٹے ہُوئے

خواہش کی کرچیوں میں ہیں چہرے بٹے ہُوئے

اَب کیا تلاشِ اَمن میں نکلیں کہ ہر طرف

مُدّت سے فاختاؤں کے ہیں پر کٹے ہُوئے

صیب[ترمیم]

جَوانی کے کٹھن رستوں پہ ہَر سُو

فریبِ آرزو کھانا پڑے گا!

بِچھڑ جاؤ، مگر یہ سوچ لینا

تمہیں اِک روز پچھتانا پڑے گا

دفن ہیں مُجھ میں شورشیں کِتنی

دِل کی صُورت خموش وادی ہُوں

شوق سے ترکِ دوستی کر لے

مَیں تِری نفرتوں کا عادی ہُوں

چاکِ داماں ![ترمیم]

اِک فسانہ ہے زندگی لیکن

کتنے عنواں ہیں اس فسانے کے

چاکِ داماں کی خیر ہو یا ربّ

ہاتھ گُستاخ ہیں زمانے کے

ماتمی رُت[ترمیم]

ماتمی رُت کا راج ہے ہَر سُو

پھُول مُرجھا گئے ہیں سہروں کے

اِک ترے غم کی روشنی کے سِوا

بُجھ گئے سَب چراغ چہروں کے

وِیرانی[ترمیم]

شہر کے سب لوگ ٹھہرے اجنبی

زِندگی تُو کب مُجھے راس آئے گی

اَب تو صَحرا میں بھی جی لگتا نہیں

دِل کی ویرانی کہاں لے جائیگی؟

سچ تو یہ ہے ![ترمیم]

سَب فَسانے ہیں دُنیا داری کے

کِس نے کِس کا سُکون لُوٹا ہے؟

سَچ تو یہ ہے کہ اِس زمانے میں

میں بھی جھُوٹا ہُوں تُو بھی جھُوٹا ہے

ماتم[ترمیم]

اُڑ گیا رنگ رہگزاروں کا

قافلہ بُجھ گیا چناروں کا

اَوڑھ کر زرد موسموں کی رِدا

آؤ ماتم کریں بہاروں کا

قحط[ترمیم]

بھنور نے کاٹ دئیے سِلسلے کِناروں کے

خزاں نے رنگ چُرا ہی لئے بہاروں کے

عجیب قحط پڑا ہے کہ پیٹ بھرنے کو

میں راز بیچتا پھرتا ہُوں اپنے یاروں کے

اُفق کا چہرہ…؟[ترمیم]

کہاں ہے اَرض و سَما کا خالق کہ چاہتوں کی رگیں کُریدے!

ہَوس کی سُرخی رُخِ بَشر کا حَسین غازہ بنی ہُوئی ہے

کوئی مَسیحا اِدھر بھی دیکھے، کوئی تو چارہ گری کو اُترے

اُفق کا چہرہ لہُو میں تَر ہے، زمیں جنازہ بنی ہُوئی ہے

تشنگی[ترمیم]

وہ کہ جلتی رُتوں کا بادل تھا،

کیا خبر کب برس گیا ہوگا؟

لیکن اندر کی آگ میں جل کر

اُس کا چہرہ جھُلس گیا ہوگا

خمیازہ[ترمیم]

ہمارے دِل نے بھی محفل سجائی ہے کیا کیا!

حیات ہم پہ مگر مُسکرائی ہے کیا کیا!

ہَوائے گردشِ دوراں کے ایک جھونکے سے

تمہاری یاد کی لَو تھر تھرائی ہے کیا کیا

سانولی[ترمیم]

کیا جانے کب سے دھُوپ میں بیٹھی تھی سانولی؟

اُبھری ہُوئی اَنا کی شِکن سی جَبِیں پر

دیکھا فضا میں اُڑتے پرندوں کو ایک بار

پھر کھینچنے لگی وہ لکیریں زمین پر

قرض[ترمیم]

اپنے ہمسائے کے چراغوں سے

بام و دَر کو سنوار لیتا ہُوں

اِتنا مُفلِس کیا اندھیروں نے

روشنی تک اُدھار لیتا ہُوں

اور ہم[ترمیم]

بارہا خُود سے ہر داستاں کہہ گئے

لفظ آنسُو بنے، آنکھ سے بہہ گئے

لوگ جاں سے گزرتے رہے اور ہم

خُود کشی کے لئے سوچتے رہ گئے

جہیز[ترمیم]

اُس کو تھے راس بھیگتی پلکوں کے ذائقے،

دریا رَواں تھے اُس کے دِل حشر خیز میں

کرتی تھی بے دریغ اُنہیں خرچ اس لئے

لائی تھی اپنے ساتھ وہ آنسو جہیز میں

قرینہ[ترمیم]

دَور کے چاند کی کرنوں میں نہایا ہوں کہ یُوں

میرے ماتھے پہ مُحبت کا پَسینہ آئے

اِس لے ٹُوٹ کے رویا ہوں میں اکثر محسن

مُجھ کو دِل کھول کر ہنسنے کا قرینہ آئے

خراج[ترمیم]

آنکھوں میں بَھر کے سَادہ مُحبت کی ڈوریاں

مُٹّھی میں بند کر کے دِل و جاں کی چوریاں

دَھرتی کو لُوٹتی ہیں تبسُم کی اَوٹ سے

چالاک کِس قدر ہیں یہ گاؤں کی گوریاں

خُود بھی….. ؟[ترمیم]

خُود بھی اُترا ہے آسمانوں سے

مُجھ کو پستی میں ڈالنے کے لئے

خُود بھی بدنام ہو گیا کوئی؟

مُجھ پہ تہمت اُچھالنے کے لئے

وِصال[ترمیم]

دُور تک وَادیاں ہیں پھُولوں کی

میری آنکھوں میں عکس تیرا ہے

چاند گھُلنے لگا ہے پانی میں

ہَر طرف سانولا سویرا ہے

بُزدل[ترمیم]

یُوں تو محفل میں جانِ محفل تھا

رہگُزر میں چَراغِ منزل تھا

دل کی باتیں نہ کہہ سکا تُجھ سے

تیرا شاعرِ غَضَب کا ” بُزدل” تھا

وارث[ترمیم]

اَے زمیں کے عظیم اِنسانو!

بھید پاؤ کبھی اُڑانوں کا!!

تُم تو دَھرتی سنوار لو گے مگر

کون وارِث ہے آسمانوں کا

خواب[ترمیم]

دَرد یُوں بے حِساب لگتا ہے

مُسکرانا عذاب لگتا ہے

جِس میں اُڑتے تھے قہقہے اپنے

اَب وہ ماحَول خواب لگتا ہے

مصلحت[ترمیم]

ہاتھوں میں دوستی کی لکیریں سَجا کے مِل

آنکھوں میں احتیاط کی شمعیں جَلا کے مِل

دِل میں کدورتیں ہیں تو ہوتی رہیں مگر

بازار میں مِلا ہے ذرا مُسکرا کے مِل

اصُول[ترمیم]

زِندگانی کی کج اَدائی پر

تبصرے سب فضول ہوتے ہیں

اپنی اپنی بساط ہے سب کی

اپنے اپنے اصُول ہوتے ہیں

اختیار[ترمیم]

ہم تبسُم سجا کے ہونٹوں پر

غَم بقدرِ مزاج لیتے ہیں

جیسے ہنستے دِیے مزاروں کے

آندھیوں سے خِراج لیتے ہیں

حواس[ترمیم]

شُعلۂ گُل سے چَمن جَلتا ہے

شہر کے شور سے بَن جلتا ہے

اَب” گھٹا” دِل کو گھٹا دیتی ہے

اَبر تن جائے تو تَن جَلتا ہے

اہتمام[ترمیم]

بُجھتی نبضیں اُبھارتے رہنا

دِل کا عالَم نِکھارتے رہنا

اِک نظر دیکھ لو زمانے کو

پھر یہ زُلفیں سَنوانتے رہنا

چوری چوری[ترمیم]

چند کپڑے ہیں سادہ گھٹڑی میں

چند زیور چھُپا کے لائی ہے

ایک ” پگلی” ” پیا” سے مِلنے کو

ہِیر کے مقبرے میں آئی ہے

گواہی[ترمیم]

کون رَوتا ہے تمہارے بِجر میں ؟

ڈُوبتے دِل کی صَدا سے پُوچھنا

کون پِھرتا ہے گلی میں رات بھر؟

دستکیں دیتی ہوا سے پُوچھنا

آمد[ترمیم]

وہ تَشبیہیں پہن کر آ رہی ہے

حقیقت بَر محل کہنا پڑے گی

خِراج اَب اور کیا دینا ہے اُس کو

مُجھے تازہ ” غزل” کہنا پڑے گی!

اُداسی[ترمیم]

وقفِ خوف و ہراس لگتا ہے

دِل، مصائب شناس لگتا ہے

تُو جو اَوجھل ہُوا نگاہوں سے

شہر سارا اُداس لگتا ہے

لفظ[ترمیم]

اِن کو دِل میں سنبھال کر رکھو!

اِن کو سَوچو بہت قرینوں سے

چند سانسوں سے ٹُوٹ جاتے ہیں

” لفظ” نازک ہیں آبگینوں سے

طعنے[ترمیم]

سَنولاگئے ہیں رنگ رُخِ ماہتاب کے

مُرجھا گئے کلائی میں گجرے گُلاب کے

اَب کے برس بھی تُو جو نہ آیا تو دیکھنا

مُجھ کو تو مار ڈالیں کے طعنے چناب کے

آدمیت[ترمیم]

تُم، کہ عُہدوں پہ جان دیتے ہو

ہَم پہ بھی اعتبار کر دیکھو،

آدمیّت بھی ایک مَنصب ہے،

آدمی سے بھی پیار کر دیکھو

ان دنوں[ترمیم]

آنکھوں میں آنسوؤں کی حِنا سی ہے اِن دِنوں

دِل کو بھی شوقِ دَرد شناسی ہے اِن دِنوں

گر ہو سکے تو آ کہ مری جاں ترے بغیر!

ماحول میں شدِید اُداسی ہے اِن دِنوں

لَوّ مَیرج LOVE MARRIAGE[ترمیم]

تُجھ کو تو مِل گیا ترا دِلدارِ جاں نواز!

پِھر کیوں ترا وجود رہینِ ہَراس ہے

پِھر شرمسار کیوں ہے یہ جوڑا سُہاگ کا

پِھر کِس لئے یہ سُرخ دوپٹّہ اُداس ہے

ایک خط[ترمیم]

نَرم کر دیتی ہیں دِل کو دُوریاں

نَفرتیں بھی کھیلتی ہیں پیار سے

اَجنبی بن کر جو ملتا تھا کبھی

اُس کا خَط آیا سمندر پار سے

دُنیا[ترمیم]

یہ سِتمگر یہ دِلنشیں دُنیا

سَب کو لگتی ہے مہ جبیں دُنیا

میری آنکھیں غریب ہیں ورنہ

اِس قدر قیمتی نہیں دنیا

خواہش[ترمیم]

اَب کے ہَر سُو وہ اُداسی ہے کہ دل کہتا ہے

کوئی بھٹکا ہُوا رَہرَو ہی سفر میں اُترے

کوئی رُوٹھا ہوا جُگنو ہی بُلائے مُجھ کو!

کوئی ٹُوٹا ہُوا تارہ میرے گھر میں اُترے

اعتراف[ترمیم]

ترے خیال سے دامن بچا کے دیکھا ہے

دِل و نظر کو بہت آزما کے دیکھا ہے

نِشاطِ جاں کی قسم، تُو نہیں تو کُچھ بھی نہیں

بہت دِنوں تُجھے ہم نے بھُلا کے دیکھا ہے

جیسے پانی میں[ترمیم]

دِل، ترے اِنتظار میں اکثر

تیرے آہٹ سے ڈرنے لگتا ہے

جیسے پانی مین پھُول کاغذ کا

تیرتے ہی بِکھرنے لگتا ہے

وہ اگر[ترمیم]

تِیرگی رُوح پر مسلّط ہو!

چاندنی اشکبار ہو جائے

رو پڑے یہ بہار کا موسم!

وہ اگر سوگوار ہو جائے

دستکیں[ترمیم]

دستکیں جِس کے دَر پہ دیتا ہوں

یُوں بھی وہ مُجھ کو ٹال دیتا ہے!

اپنے دامن کی نفرتیں چُن کر

میری جھولی میں ڈال دیتا ہے

کون آشنا؟[ترمیم]

کوئی مکاں نہ کوئی مکیں ، کون آشنا؟

ہم اپنے شہر میں بھی مُسافر سے رہ گئے

یا سُرخ آندھیوں کی نظر کھا گئی اُنہیں

یا اَب کی بارشوں میں گھروندے ہی بہہ گئے

روہی کے لوگ[ترمیم]

سینے میں دَرد، لب پہ تبسّم کے ذائقے

دُنیا کی گردشوں سے سَدا بے نیاز ہیں

بُجھتے ہُوئے دِلوں پہ چھڑکتے ہیں روشنی

روہی کے لوگ کِتنے مُسافر نواز ہیں

تمسخُر[ترمیم]

کہیں دَھرتی نہاتی ہے لہُو دَریا کی مَوجوں میں

کہیں بارُود کی بارش ہے اِنسانی ریاست پر

ستارے اشک بن کر ہٹ گئے معصُوم بچّوں میں

فرشتے ہنس رہے ہیں ابنِ آدم کی سِیاست پر

قیامت[ترمیم]

موت تاریک وادیوں کا سفر

زندگی نُور کی علامت ہے

حشر برحق سہی مگر مُحسن

سانس بھی اِک قیامت ہے

قیامت[ترمیم]

موت تاریک وادیوں کا سفر

زندگی نُور کی علامت ہے

حشر برحق سہی مگر مُحسن

سانس بھی اِک قیامت ہے

دوستی[ترمیم]

اب یہی مصلحت مناسب ہے

اب اِسی طور زندگی کر لیں ،

میں بھی یاروں کا زخم خوردہ ہوں

دشمنو، آؤ دوستی کر لیں

دل کو بُجھنا تھا… ! تِیرگی کے اُداس چہرے پر

رات بھر ایک دَاغ کیا جَلتا؟

دِل کو بُجھنا تھا، بُجھ گیا آخِر

آندھیوں میں چَراغ کیا جَلتا؟

ترغیب[ترمیم]

غَم کے سنجوگ اَچھے لگتے ہیں

مُستقل روگ اچھے لگتے ہیں

کوئی وعدہ وَفا نہ کر، کہ مُجھے

بے وفا لوگ اَچھّے لگتے ہیں

اُس سے کہہ دو… ! اُس کے ہونٹوں پہ خموشی کے شرارے بھر دو

جِس نے سیکھا نہ ہو شیشے کو بھی پتھر کہنا

اُس سے کہہ دو کہ وہ آنکھوں میں سیاہی بھر لے!

جِس کو آتا نہ ہو صحرا کو سَمندر کہنا

مُسکرابھی دے…. ![ترمیم]

اُس کے چہرے پہ گردِ محرومی!

اُس کی آنکھوں کے شہرِ ویراں ہیں ،

مُسکرا بھی دے اے غمِ دوراں !

اُس کی زُلفیں بہت پریشاں ہیں

” ہم”[ترمیم]

عُمر گذری عذابِ جاں سہتے

دھُوپ میں زیرِ آسماں رہتے

ہم ہیں سُنسان راستوں کے شَجر

جو کِسی کو بھی کُچھ نہیں کہتے

حالات[ترمیم]

تُجھ کو یہ وَہم ہے کہ کیوں مُجھ کو

تیری رعنائیوں سے پیار نہیں

میں یہی سَوچ کر ہُوں چُپ کہ ابھی

میرے حالات سَازگار نہیں

بے خیالی میں …. ![ترمیم]

یُوں بھی ہے اب کہ سوچ کر تُجھ کو

دِل ترے دَرد میں پِگھل جائے

بے خیالی میں آگ کو چھُو کر

جیسے بچّے کا ہاتھ جَل جائے

اور کتنی …. ![ترمیم]

ساعتِ حشر کی اذّیت تک

اور کتنی اذّیتیں ہوں گی

اُس قیامت سے پیشتر یا رَبّ!

اور کتنی قیامتیں ہوں گی !

احتیاط[ترمیم]

سُخن، میزان میں تو لو نہ تولو !

مگر نزدیک آ کر بَھید کھولو !!

کہیں خُوشبو نہ سُن لے بات کوئی

مِری جاں ، اور بھی آہستہ بولو

شاید[ترمیم]

دَرد، دِل کی اساس ہو شاید

غَم، جَوانی کو راس ہو شاید

کہہ رہی ہے فَضا کی خاموشی

اِن دِنوں تُم اُداس ہو شَاید

ایک فلسطینی بچّے کی سالگرہ اَب کہاں وہ گیت گاتی محفلیں

اَب کہاں عُود و عبیرہ و آبنوس؟

چند شمعوں کی بجائے مَیز پر

رکھ دِئیے ہیں ماں نے خالی کارتُوس

احساس[ترمیم]

مُجھ سے مَت پُوچھ کہ احساس کی حِدّت کیا ہے؟

دھُوپ ایسی تھی کہ سائے کو بھی جَلتے دیکھا

شدتِ غم میں مرے دیدۂ تَر نے محسن

پتّھروں کو بھی کئی بار پِگھلتے دیکھا

روایت[ترمیم]

کیا ہُوئے وہ دِن وہ رَسمیں کیا ہُوئیں ؟

کھیلتے تھے جب غمِ دَوراں سے لوگ

بانٹتے پِھرتے تھے ہر سُو زِندگی

کُچھ سخی کُچھ بے سرو ساماں سے لوگ

مداوا[ترمیم]

تسخیر کر رہا ہوں زمانے کی گردشیں

غم کو سِکھا رہا ہوں مناجات عِید کی

گُم سُم ہے کائنات، ستارے ہیں دَم بخود

” ہیر”[ترمیم]

جب بھی سَاون کی شوخ راتوں میں

کوئی وارث کی ” ہِیر” گاتا ہے

سَوچتا ہوں کہ اُس گھڑی مُجھ کو

کیوں ترا شہر یاد آتا ہے

آ بھی جاؤ!![ترمیم]

تُم کُچھ ایسے بِچھڑ گئے مُجھ سے

غَم کے سائے ڈھلے نہیں ڈھلتے

آ بھی جاؤ کہ اَب منڈیروں پر

مُدّتوں سے دِیے نہیں جَلتے

تکلُف[ترمیم]

یُوں بھی ہم دُور دُور رہتے تھے

یُوں بھی سِینوں میں اِک کُدورت تھی

تُم نے رسماً بھُلا دیا ورنہ!

اِس تکلّف کی کیا ضُرورت تھی ؟

تلاش[ترمیم]

چُومتی تھیں جِس کے پاؤں مَنزلیں

قافلہ وہ کِن بیا بانوں میں ہے ؟

جِس کی حِدّت سے پِگھلتے تھے پہاڑ

وہ لہُو کِن گرم شریانوں میں ہے ؟

اس طرح[ترمیم]

اِس طرح دِل کے زَرد آنگن میں

تیری یادوں کے داغ جَلتے ہیں

جیسے آندھی میں ٹُوٹی قبروں پر

سہمے سہمے چراغ جلتے ہیں

” جوگن”[ترمیم]

غَم، وہ سَفّاک سَم کا قَطرہ ہے

جو رگوں میں اُتر کے بَس جائے

” زِندگی” وہ اُداس ” جوگن” ہے

جِس کو سَاون میں سانپ ڈَس جائے

کیا کھیئے ہر طرف جبر ہو تو کیا کیجئے

ہر طرف ظُلم ہو تو کیا کہیئے

کِتنے احباب کا گِلہ کیجئے

کِتنے اعداء کو مرحبا کہیئے

کون پھر[ترمیم]

کِس کی شَب بے مَلال کٹتی ہے؟

کِس کا دِن چَین سے گذرتا ہے ؟

مِل گئے ہو تو مُسکرا کے مِلو!

کوب پھر کِس کو یاد کرتا ہے؟

مُلاقات[ترمیم]

شفَق ہَونٹوں میں سُرخ آنچل دَبائے

وہ گوری اِس طرح شرما رَہی ہے!!

ضمیرِ دو جہاں میں زلزلے ہیں !!

مُجھے تازہ غزل یاد آ رہی ہے

سوال[ترمیم]

یا مَقتلوں کا رِزق ہُوئی آبروئے جاں

یا گردِشوں کی نذر ہُوئے سرفراز لوگ

اَب کیوں مُسافروں کے ٹھکانے ہیں دھُوپ میں

اَب کیا ہُوئے وہ شہر کے مہماں نواز لوگ؟

یوں تری یاد![ترمیم]

یُوں تِری یاد، دِل میں اُتری ہے

جیسے جُگنو ہَوا میں کھو جائے

جیسے ” روہی” کے سر ٹیلوں میں

اِک مُسافر کو رات ہو جائے


غم کی زد میں[ترمیم]

غَم کی زَد میں اگر بِگڑ جائیں

پھر کہاں قِسمتیں سنورتی ہیں ؟

ذکرِ تجدیدِ دوستی نہ کرو!!

اَب یہ باتیں گراں گذرتی ہیں

اوس[ترمیم]

کہیں سُورج سے ذرّے کی ٹھنی ہے

کہیں تِتلی سے بھنورا لڑ گیا ہے

پڑی ہے اوس رِشتوں پر کُچھ ایسی

لہُو کا رنگ پھیکا پڑ گیا ہے

سوجاؤ[ترمیم]

آنکھوں میں گھول کر نئے موسم کے ذائقے

باہوں میں رَوشنی کے سمندر کو گھیر کر

خوابوں کی سرزمیں پہ خیالوں سے بے نیاز

سو جاؤ اپنی رشیمی زُلفیں بکھیر کر

سَوچ[ترمیم]

تُجھ کو سوچوں تو ایسے لگتا ہے

جیسے خوشبُو سے رنگ مِلتے ہیں

جیسے صحرا میں آگ جلتی ہے ؟

جیسے بارش میں پھُول کِھلتے ہیں

تَپش[ترمیم]

چُبھتے ہُوئے وہ لفظ وہ جلتے ہُوئے حروف

شہ رگ میں اب بھی ہیں وہی کانٹے اڑے ہُوئے

اِک بار سَچ کہا تھا مگر اُس کی آگ سے

اَب تک مِری زباں پہ ہیں چَھالے پڑے ہوئے

دُعا[ترمیم]

بات بنتی رَہے خُوئے دلدار کی

رات چمکی رہے حُسنِ بازار کی

دشت کی چاندنی میں نہاتی رہیں

شہر کی سَسّیاں ، سوہنیاں پیار کی

چاندنی[ترمیم]

پلکوں پہ آنسوؤں کو سجاتی ہے رات بھر

دِل میں رَواں ہے رُوح کے اندر ہے چاندنی

اُبھرا ہے کون اِس کے تلاطُم میں ڈُوب کر؟

آوارگی کا ایک سمندر ہے چاندنی

نَدامت[ترمیم]

دَدر کی دھُوپ سے بَھرے بَن میں

اپنے سائے سے ڈر کے پچھتایا!

اے مِرا نام بھُولنے والے!!

مَیں تجھے یاد کر کے پچھتایا

کاوش[ترمیم]

پھالیہ سے علی رضا نے ۷ مارچ ۲۰۱۴ کو مجموعہ کلام محسن نقوی مرتب کیا۔ ailia.wanted@gmail.com facebook.com/ailia.wanted +965-50930440