آتش احساس/کیا لکھنا

ویکی کتب سے

زندگی کی کتاب کیا لکھنا،
حسرتوں کا نصاب کیا لکھنا،
چند لمحے تھے جی لیے ہم بھی،
دو گھڑی کا حساب کیا لکھنا،
ہم نے انساں کو ٹوٹ کر چاہا،
یہ گناہ ، وہ ثواب کیا لکھنا،
مہ کدے میں سکون ملتا ہے،
واعظوں کے سراب کیا لکھنا،
ڈوب جانا ہماری قسمت تھی،
ناخدا کو خراب کیا لکھنا،
آسماں پہ سکوت سا کیوں ہے،
آگہی کے عذاب کیا لکھنا،
بھول جانا بھی ایک نعمت ہے،
ہر ستم کا جواب کیا لکھنا،
دوستوں کے کرم مقدر تھے،
دل کو خانہ خراب کیا لکھنا،
جن کو تعبیر مل نہ پائے حنیف،
ایسی آنکھوں کے خواب کیا لکھنا....
محمد حنیف